ساہیوال: (روزنامہ دنیا) سعید احمد گجر 1985 کے غیر جماعتی انتخابات میں ایم پی اے منتخب ہوئے۔ اس کے بعد مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر 1988 میں مسلسل دوسری بار ایم پی اے منتخب ہوئے۔ تیسری بارمسلم لیگ ن کے ہی ٹکٹ پر 1997 میں ایم پی اے منتخب ہوئے ۔
اپنے تین صوبائی ادوار میں پارلیمانی سیکرٹری رہے۔ جس کے بعد 2002 میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر فاروق خان لغاری کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر ضمنی انتخابات میں این اے 163، جو کہ اب حلقہ این اے 149 میں ضم ہو چکا ہے، ایم این اے منتخب ہوئے اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی آف ریونیو رہے۔انہوں نے 2008 کے الیکشن میں این اے 163 سے آزاد حیثیت سے حصہ لیا تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔ ان کے حاصل کردہ ووٹ 17 ہزار 7 سو 8 تھے۔
انہوں نے 2013 کے انتخابات میں الیکشن میں حصہ نہیں لیا لیکن مسلم لیگ ن کی سپورٹ کی۔ 2018 جنرل الیکشن میں چوہدری سعید گجر نے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیا اور مشاورتی اجلاس میں اہلیان علاقہ کی فرمائش پر این اے 149 میں رائے مرتضی اقبال کی کمپین کا اعلان کیا۔ 2018 جنرل الیکشن میں ساہیوال میں قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 149 سے رائے مرتضیٰ اقبال ایک لاکھ 37 ہزار چھ سو 32 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔