محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کردی

Last Updated On 16 July,2019 08:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ژوب،ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بدستور موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔

دوسری جانب لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، سڑکوں پر کئی فٹ تک پانی جمع، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند، شہری دھکے لگانے پر مجبور ہو گئے۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 135 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاقہ فرخ آباد 134، گلشن راوی 92 ، ایئرپورٹ ایریا 67، جیل روڈ 85.5، گلبرگ 89، لکشمی چوک 132، اپرمال 88، مغلپورہ 41، تاجپورہ میں 81، نشتر ٹاؤن 30، چوک ناخدا 95، اقبال ٹاؤن 66، سمن آباد 104 اور جوہر ٹاؤن میں 20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان موسلا دھار بارش کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے خود گاڑی ڈرائیو کرکے متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور لوگوں کے مسائل سنے۔
وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی میں پھنسے بچوں اور خواتین کو اپنی گاڑی میں لفٹ دی۔ انہوں نے موقع پر ہی ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو شاہراہوں سے پانی نکالنے کی ہدایت کی۔