لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ ریلوے نے غفلت کی انتہا کر دی، صادق آباد میں ولہا ریلوے سٹیشن پر ایک اور حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، سگنل سسٹم میں خرابی کے باعث کراچی جانیوالی فرید ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی، سگنل کی آنکھ مچولی پر ڈرائیور نے نشاندہی کی۔
اکبر ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے کفن بھی میلے نہ ہوئے تھے کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والے ریلوے حکام کی ایک اور بڑی غفلت سامنے آگئی۔ جس کے باعث ایک اور حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔
کراچی جانے والی فرید ایکسپریس ولہار سٹیشن پر حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے سگنل سے متعلق تحریری نشاندہی کی اور ویڈیو بھی بنائی جس میں سگنل کو کبھی لال تو کبھی پیلا اور کبھی ہرا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک ہفتہ قبل ولہار ریلوے سٹیشن پر اکبر ایکسپریس کو سگنل کی خرابی کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 24 افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ بڑے حادثے کے باوجود ریلوے حکام کانوں میں سیسہ اور آنکھوں پر پٹی لپیٹے سوئے ہوئے ہیں۔ نظام کی بہتری کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کئے جا سکے۔