کامیاب جوان پروگرام ترقی کیلئے ناگزیر: برطانوی شہزادہ

Last Updated On 18 July,2019 10:46 am

لندن: (روزنامہ دنیا) برطانوی شہزادہ پرنس ہیری نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان سے پرنس ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ذریعے تعاون کیلئے تیار ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کی فراہمی میں مدد کرسکتے ہیں۔

کامن ویلتھ ہیڈ کوارٹرز لندن میں یوتھ منسٹرز کانفرنس میں پرنس ہیری کی خصوصی دعوت پر عثمان ڈار نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی فیصلوں کو زبردست پذیرائی ملی، شہزادہ پرنس ہیری نے نوجوانوں کی ترقی میں پاکستان کو تعاون کی پیشکش بھی کی۔

عثمان ڈار نے وزیراعظم کے ویژن اور کامیاب جوان پروگرام سمیت یوتھ پالیسی پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نوجوانوں کیلئے یوتھ پالیسی بنائی گئی اور ان کے لئے تاریخی بجٹ مقرر کیا گیا۔ یوتھ ڈویلپمنٹ انڈکس میں پوزیشن بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سابقہ حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا۔ وزیراعظم نے بھی نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلوں کی ہدایت کی ہے، رواں ماہ کے آخر میں وزیراعظم نوجوانوں کیلئے لینڈمارک منصوبے کا آغاز کریں گے ، مالی اور تکنیکی تعاون کی پیشکش پر برطانوی حکومت اور پرنس ہیری کے شکر گزار ہیں۔