لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے ن لیگی صدر میاں شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی فلاح کا جھوٹا راگ الاپنے والے ملک میں ہڑتالیں کروانا چاہتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سستی روٹی سکیم کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کرنے والے آج روٹی کی قیمت پر جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عوام کی فلاح کا جھوٹا راگ الاپنے والے ملک میں ہڑتالیں کروانا چاہتے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں انہوں نے لکھا کہ شاہد خاقان کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا، یاد رہے یہ کیس بھی ہمارے دور میں نہیں بنایا گیا، نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے واضح کیا کہ سیاسی دباؤ سے احتساب کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔ شہباز شریف گیدڑ بھبکیاں لگانے کی بجائے اشتہاری سلمان شہباز اور علی عمران کو وطن واپس بلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا شریف خاندان کرپشن اور کمیشن میں ملوث رہا، اشتہاری اب مظلوم بننا چاہ رہے ہیں۔ قوم کو گمراہ کرنے کی بجائے ٹی ٹی ٹرانزکشنز اور منی لانڈرنگ کی تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے لکھا کہ شہباز شریف غم نہ کریں، اپنی کرپشن کے باعث جلد شاہد خاقان کے ہمراہ ہوں گے، جعلی ارسطو کو بھی نارووال کرپشن کیس میں جواب دینا ہوگا۔ کرپٹ لیگ کا شیرازہ بکھر چکا، ان کے ممبران بھی ان کی چوری کے دفاع سے تنگ آ گئے ہیں۔