ایل این جی کیس: شاہد خاقان عباسی کو آج احتساب عدالت پیش کیا جائے گا

Last Updated On 18 July,2019 11:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آج احتساب عدالت جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کیا جائے گا۔

نیب راولپنڈی منتقل کرنے کے بعد سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں ان کا بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔ نیب کی ٹیم نے ان سے ممکنہ ادویات کے استعمال کے حوالے سے معلومات لیں۔ شاہد خاقان عباسی کو گھر سے کپڑے بستر اور دیگر ضروری اشیا منگوانے کی اجازت ہوگی۔

یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ روز ایل این جی سکینڈل کیس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کو لاہور آتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کر لیا تھا۔ وہ شہباز شریف کیساتھ پریس کانفرنس کیلئے لاہور آ رہے تھے۔

یاد رہے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی نے 18 جولائی کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔ سابق وزیراعظم کی جانب سے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پیشی کے لیے تیار ہوں، مناسب وقت دیا جائے، پیشی کے لیے 3 دن کا وقت درکار ہے، نیب آفس طلبی کا خط گزشتہ روز موصول ہوا، صرف ایک دن کے نوٹس پر پیشی ممکن نہیں ہے۔

نیب نوٹس کے مطابق شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس کی اہم معلومات رکھتے ہیں۔ ایل این جی ٹرمینل کے غیر قانونی ٹھیکے سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ انکوائری کے دوران شاہد خاقان عباسی تین مرتبہ نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوئے لیکن تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد وضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کی گئیں۔ شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

دوسری جانب اسی کیس میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے 2 مزید افراد کی گرفتاری وارنٹ جاری کر دئیے ہیں۔ نیب کراچی کی ٹیم کو مفتاح اسماعیل اور نیب لاہور کو شیخ عمران الحق کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
 

Advertisement