اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق بات کرنا وقت کا ضیاع ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم اب تک بانوے ورلڈ کپ کے زعم میں ہیں، عمران خان کو عوام کی مشکلات کا کیا اندازہ، انہیں تو جیلیں بھرنے سے غرض ہیں۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کو انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ اور نہیں آتا، عام آدمی پر اس وقت زندگی تنگ ہوچکی، روٹی 15 اور نان 20 روپے کا ہوگیا، فیکٹریاں بند، مزدور بے روزگار اور ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے، دوائیاں ناپید، قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آج 71 سال بعد بھی قوم اپنی منزل کی تلاش میں ہے، پاکستان کے بعد آزادی حاصل کرنے والے ممالک ہم سے آگے جاچکے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا معافی کا خواستگار ہوں لیکن اس حمام میں ہم سب ننگے ہیں، ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم کچھ بہتری لائے تھے، میثاق جمہوریت ایک شاندار چارٹر تھا، اس پر جتنا عمل ہوا یہ مورخ دیکھے گا، ابھی تاخیر نہیں ہوئی معاملات کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے، میثاق جمہوریت میں مزید جماعتوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔