گوادر: (دنیا نیوز) بلوچستان میں فروغِ تعلیم کے لیے پاکستان نیوی کا بڑا اقدام، گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کے نئے کیمپس کا افتتاح کر دیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے کالج کا افتتاح کیا۔ کالج کا یہ کیمپس جدید ترین تعلیمی سہولیات سے لیس ہے اور کالج میں 523 طلبہ اور طالبات زیر تعلیم ہیں۔
اس موقع پر وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی کمانڈر کوسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی ساحلی علاقوں کی ترقی اور ساحلی مکینوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ قوم، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے بحریہ ماڈل سکول کا آغاز کچھ سال قبل 7 اساتذہ اور 35 بچوں کے ساتھ کیا اور آج یہ کوشش ایک پرشکوہ عمارت اور ادارے میں تبدیل ہو گئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں مسلح افواج کے افسران اور مقامی عمائدین نے بھی شرکت کی۔