غیر ملکی دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا

Last Updated On 05 August,2019 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن پر بھارت کی دہشتگردی، پاکستان نے چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں کو ایل او سی کا دورہ کروایا۔ غیر ملکی اتاشیوں نے اپنی آنکھوں سے بھارتی جارحیت دیکھی۔

بھارت نے خطے کا امن داو پر لگا دیا، لائن آف کنٹرول پر مہلک ہتھیاروں سے گولہ باری کی جس سے 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، پاکستان نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھا دیا۔

پاکستان نے چین، برطانیہ، فرانس، روس اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں کو کنٹرول لائن کا دورہ کروایا۔ دفاعی اتاشیوں کو بھارت کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف کلسٹر بموں کے استعمال اور جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کیا۔ بھارت نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں سول آبادی پرکلسٹر بموں سے حملہ کیا تھا۔ مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے بھارت نے کلسٹر ایمیونیشن کنونشن کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب بھارت نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کا دورہ کروانے سے انکار کر دیا ہے۔

 

Advertisement