مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو دنیا جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے، رحمان ملک

Last Updated On 05 August,2019 05:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر رحمان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فوری بھارتی کے اس فیصلے کیخلاف عالمی عدالت اور اقوام متحدہ میں جائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم بڑھا کر خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے سے انتہا پسند بھارتی حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا، مودی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کو عملی جامہ پہننا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا دیں۔ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو ساری دنیا ہولناک جنگ کی لپیٹ میں آ سکتی ہے۔ پاکستان فوری بھارتی کے اس فیصلے کیخلاف عالمی عدالت اور اقوام متحدہ میں جائے۔