اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی وجہ سے وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، وزیراعظم آفس کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس اب بروز بدھ مورخہ 7 اگست کو ہوگا۔
اب بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وزارت مواصلات اگست 2018ء سے جون 2019ء تک کی کارکردگی پر بریفنگ دے گی جبکہ وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس فلائٹ انسپکشن یونٹ ایرئیل ورک لائسنس کلاس ون کی تجدید اور فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف حیدر آباد کے لیے قانون سازی کی اصولی منظوری دی جائے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای او کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے گی جبکہ قومی پیداوار آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔
کابینہ پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرا میڈکس کونسل ایکٹ کی منظوری دے گی۔ احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں موجود ہے۔