اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا۔
انٹرٹینمنٹ اور تحائف فنڈ ختم کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئیگا، ایم ڈی پاسکو کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ رولز آف بزنس 1973 اور وفاقی سیکرٹریٹ سے متعلق رولز آف بزنس میں ترمیم پر غور کیا جائے گا، قومی کمیشن انسانی حقوق کی چیئرپرسن اور ممبران کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کی تقرری اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی منظوری دی جائے گی۔ خواتین سے متعلق نیشنل کمیشن کی چیئر پرسن کی تقرری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، اسلام آباد کے ماسٹر پلان کے لئے بنائے گئے وفاقی کمیشن پر بھی بات چیت ہوگی، کابینہ اجلاس میں بے نامی انفارمیشن پروسیسنگ کمیٹی پر غور بھی کیا جائے گا۔