اسلام آباد: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت کچلاک میں نئی رہائشی سکیم کا پی سی ون تیار ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کل اسلام آباد میں قرعہ اندازی کریں گے۔ فارم جمع کرانے والوں کو تاحال مکانوں کی لاگت اور اقساط کی ادائیگی کا طریقہ کار واضح نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے 21 اپریل کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں نئے رہائشی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا جس میں ذاتی گھر کے خواہش مند سرکاری ملازمین اور مختلف شعبہ زندگی تعلق رکھنے والے 7 ہزار 684 افراد نے فارم جمع کرائے، جنھیں ابتک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کے مکان یا فلیٹ کی مالیت کیا ہوگی رقم کتنے عرصہ اور اقساط میں جمع کرانی ہے۔
کچلاک میں 600 فلیٹس اور 750 گھر بنائے جانے ہیں۔ پی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ جلد رہائشی منصوبے کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ کوئٹہ کی وحدت کالونی کی جگہ سستے مکانات بنانے کا منصوبہ ترک کر دیا گیا ہے جس کی جگہ سبی روڈ پر درخشان کے مقام پر سستا رہائشی منصوبہ بنایا جائے گا۔