اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے دورہ امریکا پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں لیا اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے اور احتجاج پر سخت ردعمل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور نمبر گیم کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔ کرپشن کیسز میں سزا یافتہ افراد قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ٹی وی پر آ کر خود کو سیاسی شہید بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بحران سے نکل آئے ہیں اور عوام کو اشیائے ضرورت میں ہر ممکن ریلیف دے رہے ہیں۔ ترجمان حکومت کا مثبت چہرہ عوام کے سامنے لائیں۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے چین کی 8 ممتاز ٹیکسٹائل کمپنیوں کے وفود نے ملاقات کی۔ وفود نے ٹیکسٹائل برآمدی شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ملیں گے۔ حکومتی پالیسیوں کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔
ملاقات میں عمران خان نے وفود کو کاروباری مواقع، پاکستان کے محل وقوع، بڑی صارف مارکیٹ اور سستی ہنر مند افرادی قوت کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے وفد کو سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا