اسلام آباد: (دنیا نیوز) چھ اگست کو بلائے گئے وفاقی کابینہ اجلاس کا بارہ نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں کثیر المنزلہ عمارتوں کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
وفاقی کابینہ فلائٹ انسپکشن یونٹ ایرئیل ورک لائسنس کلاس ون کی تجدید اور فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف حیدر آباد کے لیے قانون سازی کی اصولی منظوری دے گی۔
وفاقی کابینہ نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای او کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے گی جبکہ قومی پیداوار آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔
کابینہ پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرا میڈکس کونسل ایکٹ کی منظوری دے گی۔ احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں موجود ہے۔
وزارت مواصلات اگست 2018ء سے جون 2019ء تک کی کارکردگی پر بریفنگ دے گی۔ وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لے گی۔