اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کا اعلان کردیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری سے پوچھا گیا کہ کیا آپ تحریک عدم اعتماد کا آپشن دوبارہ استعمال کریں گے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ انشاء اللہ، چیئرمین کے خلاف دوبارہ قراداد لانے کے لیے تین ماہ کا وقت ہوتا ہے، ایک دفعہ جنگ نہیں جیت سکے دوبارہ جیت جائیں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خفیہ ووٹنگ کو ختم کرنے کے لیے رولز میں ضرور ترمیم کریں گے، حکومت انشاء اللہ جائے گی۔
ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی اپنی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں، ان کے بیانات پر ردعمل نہیں دینا چاہتا۔