سپیکر قومی اسمبلی کا 189 ممالک کو خط، بھارتی جارحیت کا معاملہ اٹھادیا

Last Updated On 08 August,2019 11:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے بین الپارلیمانی یونین کے 189 ممالک کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے گھناؤنے اقدام نے خطے کی گھمبیر صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ بھارت نے کشمیری عوام کو خود مختاری سے محروم کرکے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ آرٹیکل 370 کا خاتمہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پوری کشمیری قیادت کو گرفتار کرنے سے وادی کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ بھارتی آئین کشمیر کے پرامن حل کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند تھا لیکن اس اقدام نے کشمیری عوام کو واحد قومیت اور ریاست میں ملکیتی حقوق سے محروم کردیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 35 اور 370 کے تحت مقبوضہ وادی کے حتمی تصفیے تک عوام کو خود مختاری حاصل تھی، اس کا خاتمہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ تاریخی دھوکا ہے۔

خطوط میں بھارتی اقدام سے کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے دنیا کی منتخب پارلیمان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس انسانیت سوز جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ وادی میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
 

Advertisement