لاہور: (روزنامہ دنیا) ملک بھر میں حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحی کا تہوار کل بروز پیر مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ منایا جائیگا۔ تمام شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عیدگاہوں اورکھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہونگے جس کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرینگے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ پولیس کی طرف سے عید الاضحی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔
حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف پارکنگ ممنوع ہو گی جبکہ نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد مساجد کے اندر داخلے کی اجازت ہو گی۔ پولیس افسر نماز عید کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پٹرولنگ کرینگے۔