اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام عید کے پیغامات میں کہا ہے کہ قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہو گا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عید سادگی سے منائی جائے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور اپنے پیغام میں کہا کہ عید الضحی قربانی و ایثار کا نام ہے، اللہ تعالی ہم سب کی قربانیاں قبول فرمائے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد کرتی رہے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہو گا، پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات سے گزر رہا ہے، قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے کرنے کا نام ہے۔