سوشل میڈیا پر 15 اگست کو بطور یوم سیاہ منانے کا عالمی ریکارڈ قائم

Last Updated On 16 August,2019 02:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر 15 اگست کو بطور یوم سیاہ منانے کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سےمتعارف کرایا گیا 15 اگست یوم سیاہ ہیش ٹیگ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں 30 گھنٹے تک ٹرینڈ کرتا رہا۔ انتہا پسند مودی سرکار کی شدید لعنت ملامت کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے 14 اور 15 اگست کی درمیانی رات ساڑھے نو بجے یوم سیاہ کے کاؤنٹ ڈاؤن کا ٹویٹ کیا۔ رات بارہ بجے انہوں نے ہیش ٹیگ 15 اگست بلیک ڈے متعارف کرایا اور اپنے ذاتی اور آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کی ڈی پیز کا رنگ سیاہ کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت تمام حکومتی عہدیداروں، سرکاری اہلکاروں، نیوز چینلز اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی ایسا ہی کیا۔

رات 12 بجے سے آئندہ 30 گھنٹے کے دوران دنیا بھر میں ہیش ٹیگ 15 اگست بلیک ڈے 10 لاکھ ایک ہزار ٹویٹس میں استعمال کیا گیا۔ آزاد کشمیر اور دنیا بھرسے ٹویٹر پر انتہا پسند بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام اور کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔