کشمیر: امریکا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے: سی این این

Last Updated On 16 August,2019 12:33 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) بین الاقوامی میڈیا بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات پر عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کے لیے دباؤ بڑھانے لگا۔ امریکی چینل سی این این نے اسے بڑا انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت سے مقبوضہ وادی میں آزادیِ اظہار پر لگی پابندیاں ہٹوائے۔

امریکی ٹی وی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں کشمیر کو امریکی ریاست ورجینیا سے مماثلت دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ساری ریاست میں ہر طرح کے ذرائع بند کر کے ان کا رابطہ دنیا سے کاٹ دیا جائے تو لوگوں کا کیا حال ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر جگہ فوج تعینات ہے، لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے اور کشمیری میڈیا بند ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام تک صحیح معلومات بھی نہیں پہنچ رہیں۔

رپورٹ میں امریکا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس انسانی المیے پر بھارت سے بات کرے اور مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوائے۔