اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروف آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے طلب کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 فوجی جوان شہید ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 2017ء سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، ہندوستان دو سالوں میں 1970مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزیاں کرچکا، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، بھارتی اقدام انسانی عظمت، عالمی انسانی حقوق اور قوانین کیخلاف ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی فائر بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی کے پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ 2003ء کی فائر بندی انتظام کا احترام کیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی افواج کو فائر بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے، بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ کے امن مشن کو اپنا کردار ادا کرنے دے۔
یاد رہے کہ 13 اگست کو ایل او سی پر تتہ پانی کے مقام پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھی ایک روز قبل بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا۔
ایل او سی تتہ پانی کے مقام پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروف آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا، اس دوران پاکستان کی جانب سے ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے شدید احتجاج کیا تھا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام اور بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے۔ بھارت امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کردار ادا کرنے دے۔
ڈپٹی ہائی کمشنر آہلو والیا سے دفتر خارجہ نے تتہ پانی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا، بتایا گیا کہ بھارتی فائرنگ سے 38 سال کا سرفراز احمد شہید ہوا۔ بھارت کی جانب سے سال 2017 سے اب تک ایک ہزار 970 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔