اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا، اجلاس کے لئے 9 نکاتی ایجنڈہ جاری کیا گیا ہے جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی اورسرمایہ کاری کمیٹی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق سمیت اہم معاملات شامل ہیں۔ وزیراعظم کشمیر اور خطے کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق عالمی رہنماوں سے رابطوں پر وفاقی وزرا کو اعتماد میں لیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کل طلب کئے گئے اجلاس میں وفاقی کابینہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اور سلامتی کونسل کےاجلاس کی کارروائی پرغور کرے گی، وزیراعظم کابینہ کو امریکی صدر سمیت دیگر عالمی رہنماوں سے روابط پر اعتماد میں لیں گے، وفاقی کابینہ کو اب تک سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی اوردفاع کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لئے 9 نکاتی ایجنڈہ جاری کیا گیا ہے جس میں وزرا اقتصادی رابطہ کمیٹی اورسرمایہ کاری کمیٹی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کریں گے، سستے گھروں کی تعمیرکے لئے سود سے پاک قرض کیلئے پانچ ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی جائے گی، کرسچئن میرج اینڈ ڈائیوورس ایکٹ 2019 کی منظوری کے لئے مسودہ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
پاک ترک سٹریٹجک اکنامک فریم ورک کی منظوری ، گھریلو تشدد سے بچاؤ و تحفظ بل 2019 اورعوامی فلاحی منصوِبے سے متعلق تجاویز بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وزارت مواصلات کی اگست 2018 سےجولائی 2019 تک کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔