جنرل قمر جاوید باجوہ: کاکول اکیڈمی سے چیف آف آرمی سٹاف تک

Last Updated On 20 August,2019 05:35 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کیریئر کا آغاز 16 بلوچ رجمنٹ سے اکتوبر 1980ء میں کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کے خاندان کا تعلق گکھڑ منڈی گوجرانوالہ سے ہے۔ جنرل باجوہ 11 نومبر 1960ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ پاک آرمی کو جوائن کرنے سے پہلے سرسید کالج اور گورڈن کالج راولپنڈی میں زیر تعلیم رہے۔

کینیڈین آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج، نیول پوسٹ گریجوایٹ سکول اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان سے تعلیم حاصل کی۔

آپ کے والد محمد اقبال باجوہ فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر فائز تھے۔ ان کا دوران ملازمت کوئٹہ میں ہی 1967ء میں انتقال ہو گیا تھا۔ آپ کی تربیت آپ کی والدہ نے کی۔

آپ کے سسر بھی فوج میں تھے جو بعد میں میجر جنرل کے عہدے پر ریٹائرڈ ہوئے۔ اس طرح آپ میں بھی فوج میں جانے کا شوق پیدا ہوا۔

گورڈن کالج سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ کو ملٹری اکیڈمی کاکول بھیجا گیا۔ وہاں سے آپ نے پی ایم اے لانگ کورس پاس کیا اور سیالکوٹ کینٹونمٹ میں تعیناتی ہوئی۔

1992ء میں آپ نے ناردرن لائٹ انفنٹری رجمنٹ کشمیر میں خدمات سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ آپ راولپنڈی میں بطور لیفٹیننٹ کرنل تعینات رہے۔

آپ کینیڈا اور امریکا کے دفاعی کالج اور یونیورسٹیوں سے پڑھ چکے ہیں۔ آپ کوئٹہ میں انفرینٹری سکول میں انسٹرکٹر کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ آپ کی شادی عائشہ خاتون سے ہوئی جن سے آپ کے دو صاحبزادے سعد اور علی ہیں۔

آپ راولپنڈی کی انتہائی اہم سمجھی جانے والی کور دہم کو ربھی کمانڈ کر چکے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف سے قبل آپ جی ایچ کیو میں جنرل ٹریننگ اور ایولیوشین کے انسپکٹر جنرل تھے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان تربیتی مشقوں کی خود نگرانی کی جو لائن آف کنٹرول کے اطراف کشیدگی کی وجہ سے کی جا رہی تھیں۔

ون سٹار پرموشن کے بعد بطور بریگیڈئیر چیف آف سٹاف ناردرن پاکستان میں خدمات سرانجام دیتے رہے۔ 2007ء میں آپ اقوام متحدہ کے مشن کے تحت کانگو میں خدمات سرانجام دینے کیلئے چلے گئے۔

2009ء میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے کے بعد آپ نے بطور جی او سی شمالی علاقہ جات کی کمانڈ سنبھالی۔ 2011ء میں آپ کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا اور کوئٹہ کے انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس سکول میں بطور انسٹرکٹر تعینات کر دیا گیا اور پھر سٹاف کالج کوئٹہ میں تعینات رہے۔

2013ء میں جنرل باجوہ کو تھری سٹار رینک پر ترقی دے دی گئی اور راولپنڈی میں فیلڈ کمانڈر تعینات کر دیا گیا۔ اس طرح آپ کا نام میڈیا میں گونجا۔

اس سے اگلے سال آپ کو بلوچ رجمنٹ کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کر دیا گیا۔ 2015ء میں آپ کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل تعینات کیا گیا جہاں آپ اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے پرنسپل سٹاف آفیسر تھے۔

2016ء میں اس وقت کے چیئرمین جوائینٹ چیفس جنرل راشد محمود کی ریٹائرمنٹ اور جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے پر وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملک کا نیا آرمی چیف مقرر کر دیا۔ آپ کو ملک کے اہم ایوارڈ نشان امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔
 

Advertisement