اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے والے باغی سینیٹرز کی نشاندہی کیلئے کوششیں تیز کر دی گئیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پارٹی ارکان سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد قائم کی گئی پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ یوسف رضا گیلانی کے زیر صدارت اجلاس میں نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، راجا پرویز اشرف اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ارکان سینیٹ کی جانب سے وفاداریاں تبدیل کرنے کے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا فیصلہ کیا۔
اس مقصد کیلئے پارٹی سینیٹرز سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پارٹی ارکان سے دباؤ یا مبینہ کالز سے متعلق تفصیلات اور معلومات حاصل کرے گی۔