اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی کے ہم منصب میولود چاوش اوغلو سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انھیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ترکی نے ہمیشہ اہم امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے جبکہ پاکستان نے بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکی کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے گولن تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کو متحد کرنے کیلئے ترکی کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ترک صدر کے بے حد شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے۔ بھارت کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی اقدام عالمی قوانین اور یو این سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترکی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے اور بھارتی بربریت سے کشمیریوں کی نجات کے لیے کردار ادا کرے۔