استنبول: (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی سب سے بڑی وجہ اسرائیل ہے۔
ترکی میں موجود مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ ترکی اور ملائیشیا کو مل کر فلسطین کے مسئلہ کو زندہ رکھنا ہو گا۔ انقرہ کے ساتھ مل کر فلسیطینوں کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی نے ملائیشیا کو آفر کی ہے کہ کسی بھی قسم کی دفاعی چیزوں کی ضرورت ہو تو ہم آپ کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک ہمیں ٹیکنالوجی نہیں دے رہے لیکن ہمیں ترکی کی طرف سے آفر ملی ہے جس پر مسلم ملک کے بہت شکر گزار ہیں۔ انقرہ نے یہاں تک آفر کی ہے کہ اگر ہمیں ٹیکنالوجی، دفاعی اور مینو فیکچرنگ میں جس چیز کی ضرورت ہو وہ ہمیں دینے کے لیے تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا اور ترکی دونوں مسلمان ملک ہیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے ترکی سے جلد بات چیت چاہتے ہیں کیونکہ ہم بھی دفاعی میدان میں خود کفیل ہونا چاہتے ہیں اس کے لیے ہمیں کچھ وقت اور زیادہ پیسے چاہیے ہونگے۔
دوسری طرف ڈاکٹر مہاتیر محمد نے ترکی میں دفاعی حوالے سے چیزوں میں زیادہ اہمیت دی۔ اس دوران انہوں نے اپنے ترک ہم منصب سے ففتھ جنریشن ملٹی رول فائٹر جیٹ TF-X خریدنے کے حوالے سے بات چیت کی۔
اس دوران ملائیشیا دفاعی فرم کے انجینئرز نے ترکی کے ایرو سپیس انڈسٹری کا بھی دورہ کیا اور ٹیکنالوجی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔