کراچی والوں کیلئے چھوٹے سے چھوٹا عہدہ بھی قبول ہے: مصطفیٰ کمال

Last Updated On 27 August,2019 06:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی والوں کیلئے چھوٹے سے چھوٹا عہدہ بھی قبول، میئر کا آرڈر تسلیم کر کے پوزیشن سنبھال لی تھی، چند گھنٹے میں ہی تقرری منسوخ کر دی گئی۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن کی وجہ سے کچرا نہیں اٹھ رہا، اب وسیم اختر اور چاروں ڈسٹرکٹ چیئرمینز مستعفی ہو جائیں، کراچی کیلئے 30 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے، اپنوں کو نہیں نوازا، راتوں کی نیندیں قربان کیں، کراچی کو کہاں سے کہاں چھوڑ کر گیا تھا، سمندر میں پانی کی لائنیں ڈال کر بابا بھٹ جزیرے کو پانی پہنچایا، مبارک ویلج تک سڑکیں بنائیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا میرا شہر کراچی کچرا کنڈی بن گیا ہے، ہمیں کہتے ہیں آفس آؤ، کچرا سڑکوں پر ہے آفس جا کر کیا کروں گا، صوبائی اور ڈسٹرکٹ حکومت کو دوبارہ پیشکش ہے کہ اختیارات دو، 3 ماہ میں شہر صاف لے لو، وزیراعظم صاحب، پی ایس ڈی پی کیلئے 70 فیصد رقم کراچی سے آتی ہے، وزیراعظم صاحب ملک کی معاشی طاقت کراچی کو کرپشن تباہ کر رہی ہے، اختیارات اور وسائل اتنے ہیں کہ کراچی کو صاف کیا جاسکتا ہے۔