کراچی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے پاکستان سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے نازیبا الفاظ کے استعمال کر انھیں قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مصطفیٰ کمال افسران کے بارے میں ادا کیے گئے اپنے الفاظ کی معافی مانگیں، معافی نہ مانگی گئی تو نیب قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب مصطفیٰ کمال کے دور میں 30 ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقوم خرچ کرنے کی تحقیقات کرے گا کیونکہ اتنی خطیر رقوم خرچ کرنے کے باوجود کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔
نیب کے مطابق مصطفیٰ کمال کے خلاف پہلے ہی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر چکا ہے، ان کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال نیب کی ساکھ کو مجروع کرنے کی مذموم کوشش ہے، وہ نیب افسران پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی تمام توانائیاں احتساب عدالت میں دائر ریفرنس کے دفاع پر خرچ کریں۔
دوسری جانب پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے اپنے بیان پر نیب سے معافی کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر میری بات گراں گزری ہے تو میں معافی مانگتا ہوں، اداروں کا احترام کرتا ہوں، میں معذرت چاہتا ہوں۔