کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا دیا ہوا کراچی پیکیج منظور نہیں، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال وفاقی حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں، کہتے ہیں کراچی پیکیج برائے نام ہے، شہر کے مسائل وہی حل کرسکتا ہے جس نے اس شہر کی خدمت کی ہو۔
کراچی میں مصطفی کمال پھر سے فرنٹ فٹ پر آگئے، پی ایس پی چیئرمین نے وفاقی حکومت پر جم کر تنقید کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی پیکیج کے اعلان پر بھی مصطفی کمال بھرپور ناراض دکھائی دیئے۔ کہنے لگے باغ ابن قاسم کا میرے وقت میں افتتاح ہوچکا تھا، گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے دوبارہ افتتاح کروایا گیا، امید تھی کہ سندھ میں بھی تبدیلی آئے گی مگر امید نام کی چیز دم توڑتی جا رہی ہے۔
مصطفی کمال وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم پاکستان کی قیادت پر بھی خوف گرجے برسے، کہا کہ ایم کیو ایم والے 30 ہزار بندہ مروانے کے بعد کہہ رہے ہیں کہ گٹر لائنوں کا بھی اختیار نہیں۔ مصطفی کمال نے مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت کراچی کے حالات بدلنا چاہتی ہے تو بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرے۔