اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو روٹی کی دستیابی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت مہنگائی میں کمی سے متعلق اقدامات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کو مہنگائی میں کمی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آٹا، گھی، ٹماٹر اور دالوں سمیت 7 ضروری اشیا کی قیمتوں کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لیے ویب پورٹل کا اجراء بھی کیا گیا۔
انہوں نے روٹی کی قیمت کو برقرار رکھنے کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن کے تحفظات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔
چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہول سیل منڈیوں میں قیمتوں کی کڑی نگرانی کیلئے موثر نظام پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو استحصال سے بچایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کی پیداوار کا مناسب منافع ان تک پہنچے۔