لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جمعہ کو پوری قوم کشمیریوں سے محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر عوام باہر نکلیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ مودی سرکار کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی تاریخی غلطی کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ مقبوضہ کشمیر آگ میں جل رہا ہے اور دنیا خاموش ہے۔ بھارت نے کشمیری عوام کو تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رکھا ہے اور مسلسل کرفیو کے باعث وہ اشیائے ضروریہ اور ادویات کیلئے ترس رہے ہیں۔ بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی کے باعث لاکھوں انسانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نریندر مودی سرکار کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔ پاکستان کو کوئی کشمیر سے جدا نہیں کرسکتا۔ ہمارا جینا مرنا اور دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ مظلوم کشمیری عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے زیر صدارت آج اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پورے پنجاب میں کل 12 بجے دوپہر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ لاہور میں مال روڈ کے 3 مقامات فیصل چوک، ریگل چوک اور سول سیکرٹریٹ چوک پر لوگ جمع ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب فیصل چوک میں یوم یکجہتی کشمیر پر لوگوں کے ہمراہ اکٹھے ہوں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے جائیں گے جبکہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز، اضلاع اور تحصیلوں میں بھی دوپہر 12 بجے لوگوں کے اجتماعات ہوں گے اور تعلیمی اداروں کے طلبہ بھی بھرپور طریقے سے یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔
جمعہ کے اجتماعات کے بعد ریلیاں نکالی جائیں گی اور لوگ ریلیوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لے کر شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپیل کی کہ عوام یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں۔ ہم کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔
گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔