پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، اسمبلی ممبران کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ کو جلوس نکالیں گے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق احمد غنی کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ قرارداد وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور اپوزیشن کے رکن اسمبلی لطف الرحمن نے پیش کی۔
اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کشمیریوں پر مظالم کے خلاف خوب گرجے اور کہا کہ اپوزیشن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاک فوج سے دو قدم آگے ہوگی، بھارتی تسلط ہرگز قبول نہیں کرینگے۔
اسمبلی ارکان کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل دوپہر 12 بجے خیبر روڈ پر آدھے گھنٹے کے لئے احتجاج کریں گے۔
ایوان میں اپوزیشن نے محکمہ تعلیم سے متعلق سوالات کے دوران مشیر تعلیم پر تنقید کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کی دھمکی بھی دے دی جس سے حکومت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی۔