راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ہی حل کرائیں گے، جنگ کی خواہش نہیں اگر مسلط کی گئی تو دشمن کو نیست نابود کر دیں گے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مودی نے غلط کام کیا، بھارت دنیا بھر کو گمراہ کر رہا ہے، کشمیری عوام کے لئے عمران خان کی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا اب کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ملکی و علاقائی حالات کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کو حکومت مخالف احتجاجی تحریک موخر کرنے کی اپیل ہے۔
قبل ازیں راولپنڈی میں ڈینگی کی تشویشناک صورتحال پیدا ہونے کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ڈینگی مریضوں کی عیادت کی۔ بریفنگ کے دوران شیخ رشید کو بتایا گیا کہ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ابتک 5 ہزارڈینگی متاثرہ مریض لائے گئے جن میں سے 900 اب بھی زیرعلاج ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ڈینگی کی صورتحال 2015 سے بھی زیادہ گھمبیر ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کرنے کے علاوہ وزیراعظم سے پمز ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کیلئے جگہ مختص کرنے کی درخواست کریں گے۔