راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آج سہ پہر تین بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے، اس پریس کانفرنس میں یوم دفاع سمیت دیگر تقریبات کے بارے میں قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
دوسری طرف یوم دفاع کی تقریبات ’’کشمیر بنے گا پاکستان اورآئیں چلیں شہید کے گھر‘‘ سے منسوب کر دی گئیں۔
Defence and Martyrs Day 6 Sep 2019. Like last year, let’s reach out to families of our shaheeds. Every shaheed be remembered.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) September 3, 2019
یوم دفاع و شہدا 6 ستمبر 2019۔ پچھلے سال کی طرح آئیں ہر شہید کے گھر چلیں۔
ہر شہید کو یاد رکھا جائے۔#آئیں_چلیں_شہید_کے_گھر#کشمیر_بنے_گا_پاکستان pic.twitter.com/Cy7iBrBp3E
ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ امسال بھی یوم دفاع قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور شہدا کے لواحقین کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہر شہید کے گھر پہنچا جائے گا۔ شہدا کے اہل خانہ کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ ان کے پیاروں نے مادر وطن کے لیے قربانی دی، قوم اور پاک فوج اسے ہمیشہ یاد رکھے گی۔
پاک فوج کے پرومو میں مسلح افواج کے شہدا کیساتھ ملک کے دو شہید وزراء اعظم لیاقت علی خان اور بے نظیر بھٹو کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے حوالے سے پرومو بھی جاری کر دیا ہے۔ پرومو میں شہیدوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی خوبصورت آواز میں پرومو فلمایا گیا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں، شکریہ ادا کریں،عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب اامسال سے دن کے وقت ہو گی جس میں صرف شہدا کے لواحقین اور غازی شریک ہوں گے۔ یوم دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہو گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یادگار شہدا پر حاضریں دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔