جے یو آئی نے آزادی مارچ کے لئے چھ کمیٹیاں تشکیل دیدیں

Last Updated On 05 September,2019 08:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل رحمان کہتے ہیں ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پلان مرتب کرلیا، ن لیگ مکمل ساتھ ہے، امید ہے دیگر اپوزیشن بھی ساتھ چلے گی۔

اسلام آباد میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چھ کمیٹیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 18 ستمبر کو مجلس عاملہ میں اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کا اعلان کرینگے۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے کشمیر اور اسرائیل بارے پالیسی بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاع کے حوالے سے تمام باتوں پر اعتماد کرتے ہیں، البتہ معیشت ان کا جاب نہیں لہذا دخل اندازی نہ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت حالت نزع میں ہے اور ایسے وقت میں توبہ بھی قبول نہیں ہوتی۔ مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پلان مرتب کیا ہوا ہے۔ ن لیگ نے اکتوبر میں مکمل طور پر ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، امید ہے پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن بھی ساتھ دے گی۔

انتخابی دھاندلیوں بارے سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم روز اول سے اس حکومت کو جعلی کہتے ہیں البتہ اپوزیشن کے اصرار پر حلف اٹھایا، استعفوں سمیت دیگر آپشنز پر آزادی مارچ کے بعد غور کرینگے۔