پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 08 September,2019 09:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا فروغ نسیم، خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی اور علی زیدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے۔ ماضی کی بد انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ کراچی کی عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی وزیر قانون، وزیر بحری امور، وزیر منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو اور دیگر ممبران پر مشتل ہوگی۔ کمیٹی کو مجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 

Advertisement