اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاک چین دوستی علاقائی امن واستحکام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں ممالک نے ہر ممکن تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہر عالمی اور علاقائی فورم پر تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لازوال دوستی کسی بھی صورتحال سے متاثر نہیں ہوگی۔ دونون ملکوں نے کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور قومی وقار کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل سے سماجی اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
چین کے وزیر خارجہ نے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے تمام عالمی فورمز پر تعاون اور حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
چین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقہ سے حل ہونا چاہیے۔ چین ہر اس یکطرفہ کارروائی کی مخالفت کرے گا جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو۔
دونوں ممالک نےافغانستان میں تعاون کو فروغ دینے اور امن مصالحتی عمل کی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ تمام فریقین افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے مستقبل کے قابل قبول سیاسی ڈھانچے پر بات کریں۔