اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی تا کہ تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم منصوبہ ہے جس سے ناصرف رہائش اور گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے اور سرکاری زمین کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کی حکومتی پالیسی کے تحت وفاقی دارالحکومت میں کمرشل، رہائش و کاروباری سرگرمیوں کے لئے کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب نے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے جی 13 سیکٹر میں واقع 45 ایکٹر کی بیش قیمت اراضی کمرشل، کاروباری سرگرمیوں اور رہائش کی ضروریات پورا کرنے کے لئے میسر ہے جس پر کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی جا سکتی ہے اور اس مقصد کے لئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی جا سکتی ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے قصر ناز کراچی، چمبہ ہاؤس لاہور اور کشمیر پوائنٹ پر واقع سرکاری اراضی کو بروئے کار لانے کے حوالے سے مستقبل کے مجوزہ لائحہ عمل کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی ندیم افضل چن، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔