اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پابند سلاسل ہیں، مسجدوں پر تالے اور مواصلاتی نظام بند ہے، اگر مودی سرکار میں ہمت ہے تو کرفیو ہٹائے، پھر تماشا دیکھے۔
مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھے کشمیریوں کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں موبائل فون سروس چل رہی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں بند کیوں ہے؟ مقبوضہ کشمیر کا مواصلاتی نظام مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کی نماز کا وقت ہوتا ہے تو مسجدوں کو تالے لگا دیے جاتے ہیں۔ کیا دنیا نے نہیں دیکھا عید کی نماز نہیں پڑھنے دی، کشمیر میں عاشورہ کا جلوس نہیں نکل سکا، عید نہ پڑھنے دی گئی، قربانی تک نہ کرنے دی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر مودی میں اتنی جرات اور ہمت ہے تو میں مطالبہ کرتا ہوں کہ کرفیو ہٹاو اور تماشا دیکھو۔