سکھر : (دنیا نیوز) سکھر کی یوسی نواں گوٹھ میں میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین کے لئے ضمنی انتخابات، غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر عمر بندھانی 1 ہزار 141 ووٹ لے کر کامیاب، پی ٹی آئی امیدوار حافظ ذیشان بندھانی 938 اور ایم کیو ایم کے ذاکر بندھانی 830 ووٹ حاصل کرسکے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق صبح 8 بجے سے الیکشن کا عمل شروع ہوا۔ مجموعی طور پر مذکورہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد سات ہزار 4 سو سے زائد تھی، جن کے لئے 8 پولنگ سٹیشن اور 16 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔
پولنگ سٹیشن کی حفاظت کے لئے رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض انجام دیے۔ یونین کونسل 9 کے حلقوں میں پیپلز پارٹی کے سابق چیئرمین حاجی عمر بندھانی کے انتقال کے بعد نشست خالی تھی، جس پر ضمنی الیکشن کرائے گئے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر عمر بندھانی نے 1 ہزار 141 ووٹ لے کرکامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ پی ٹی آئی امیدوار حافظ ذیشان بندھانی 938 اور ایم کیو ایم کے ذاکر بندھانی 830 ووٹ حاصل کر سکے۔