کراچی: (دنیا نیوز) میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ کو آج نیب کراچی میں طلب کیا گیا تھا تاہم مراد علی شاہ نیب دفتر نہیں پہنچے. وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ان کے سٹاف نے نیب سے سوالنامے کی درخواست کی تھی. نیب حکام کا کہنا تھا کہ وزیراعلی ہاوس سے سوالنامے کیلئے ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، رابطے کے بعد سوالنامہ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا.
نیب ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی سندھ سے تفتیش کیلئے نیب راولپنڈی سے کوئی ٹیم کراچی نہیں بھیجی گئی تاہم مراد علی شاہ کو آج نیب کراچی کے دفتر میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات میں پیش رفت کیلئے نیب وزیراعلی سندھ کو پہلے بھی طلب کر چکی ہے جس کے بعد انہوں نے نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات جمع کروائے تھے۔
نیب نے وزیراعلی سندھ کو آج بھی طلب کر رکھا تھا تاہم مراد علی شاہ پیش نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی سندھ کے آج کے شیڈول میں نیب دفتر کراچی کا وزٹ شامل نہیں تھا۔ نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعلی ہاوس سے سوالنامے کیلئے ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، رابطے کے بعد ہیسوالنامہ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ نے کہا تھا کہ ان کے سٹاف نے نیب سے سوالنامے کی درخواست کی تھی۔
یاد رہے کہ نیب ان کیسوں میں پہلے ہی آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 6 ریفرنسز داخل کر چکی ہے اور نیب اومنی گروپ کے انور مجید، ان کے بیٹے، بینکر حسین لوائی اور سندھ بینک کے موجودہ اور سابق صدر کو بھی گرفتار کر چکی ہے۔