کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں، کے-الیکٹرک اپنی الگ ریاست نہیں بنا سکتی: وزیراعلی سندھ

Last Updated On 12 August,2019 01:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر ہاوس مسجد میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی۔ شہرمیں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر کہا کہ کے الیکٹرک اپنی الگ ریاست نہیں بناسکتی۔ بولے ضروری نہ ہو تو آج قربانی نہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نماز عید الاضحیٰ کے بعد میڈیا سے بات چيت کی۔ بولے سندھ حکومت نے برسات کے پیش نظر پوری کوشش کی ہے کہ صورتحال بہتر ہو، شدید برسات کے باعث زیادہ تر صوبے کی ساحلی پٹی خاص طور پر کراچی میں کافی صورتحال خراب ہے۔ انہوں نے برسات اور شہرکی صورت حال کے پیش نظر اگر زیادہ ضروری نہ ہو توآج قربانی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، راشد رباني وديگر بھی وزیراعلی کے ہمراہ موجود تھے۔ ايک سوال کے جواب ميں انکا کہنا تھا کہ فریال تالپور کو ہسپتال سے جیل منتقل کیا گیا ہے، ہمیں پتا ہے کہ 7 بجے کے بعد جیل کے دروازے بند ہوجاتے ہیں لیکن انہوں نے فریال تالپور کو رات 12 بجے کے بعد زبردستی جیل منتقل کیا، مجھے معلوم نہیں یہ کس کے کہنے پر کام ہو رہا ہے۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، اس کے ردعمل میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت احتجاج کیا، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ فریال تالپور کو فوری رہا کیا جائے، وہ جب نیب کی ہر پیشی پر پیش ہوتی ہیں تو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں۔