کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کہتے ہیں کہ وزیراعلی سندھ سے بڑا کوئی نااہل آدمی نہیں، سندھ اسمبلی کو سب جیل قرار دینے کے بعد ہوسکتا ہے پوری کابینہ اسمبلی میں رہنا شروع کر دیں۔
کراچی کے سخت گرمی والے موسم میں تحریک انصاف کے رہنماوں کی گھن گرج، پیپلزپارٹی پر جم کر تنقید کی۔ انصاف ہاوس کراچی میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے دھواں دھار پریس کانفرنس کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پر ایک نہیں کئی وار کئے، کہتے ہیں مراد علی شاہ نااہل آدمی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے مراد علی شاہ اور اپنی عمروں کا بھی تعین کرکے بتا دیا۔
رہنما تحریک انصاف نے آصف علی زرداری کو ڈاکو مان سنگھ کہا تو فریال تالپور کو چورنی قرار دے دیا، بولے سندھ اسمبلی کو سب جیل بنائے جانے کا خدشہ ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت کی پچھلی دس سالہ کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔