اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی ہے، یاؤ جینگ نے چینی صدر شی جن پنگ کا اہم پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یاؤ جینگ نے اہم ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں دوست ملک کے سفیر نے چینی صدر شی جن پنگ کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے اس پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کو پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مل کر کام کرنے کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان اورچین کی روایتی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دی گئی سہولیات پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، انفراسٹرکچر کی ترقی، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا، چینی اور روسی کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ان کمپنیوں کی جانب سے کی گئی پیش کش کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر چل رہا ہے، حکومت سرمایہ کاری کے حصول کے لیے سہولیات اور کاروبار میں آسانیاں دے رہی ہے، خزانہ، منصوبہ بندی، تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ علاقے کے ممالک کے سرمایہ کاری ماڈلز کا جائزہ لیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مراعات سمیت کاروبار میں آسانیاں پیدا کریں گے، اس موقع پر متعلقہ وزراتوں کو ہدایت کی کہ علاقائی ممالک کے کامیاب سرمایہ کاری ماڈلز اپنائے جائیں۔
عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز میں گیس بجلی اور سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو صنعتوں کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف مشرق وسطیٰ اور وسطیٰ ایشیاء کے ڈائریکٹر جیہاد اظہور کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بنک باقر رضا اور سیکرٹری خزانہ بھی موجود تھے۔