اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور ان کی ریلی پر ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم نے افغان صدر کو ٹیلیفون کیا اور گزشتہ روز اشرف غنی کی ریلی کے دوران خود کش دھماکے کی مذمت کی، عمران خان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے حملوں میں جانی نقصان پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
عمران خان کا اشرف غنی کو کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان جمعرات کو سعودی جائیں گے، سعودی عرب کا یہ دورہ دو روز پر مشتمل ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت کیساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔ دورے کے دوران سعودی قیادت کو مقبوضہ وادی کی صورتحال اور بھارتی اقدامات سے متعلق آگاہ بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ چند ہفتوں کے دوران مسلسل رابطے میں ہیں۔ چند ہفتوں کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ تین سے چار بار رابطے کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آگاہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیساتھ ٹیلیفون پر سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت بھی کی تھی۔