افغانستان: پولیس اہلکار نے سات ساتھیوں کو فائرنگ کر کے مار ڈالا

Last Updated On 05 August,2019 05:40 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں پولیس اہلکار نے اپنے ہی سات ساتھیوں کو فائرنگ کر کے مار ڈالا اور طالبان میں شمولیت اختیار کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کی ڈسٹرکٹ شوالی کوٹ میں پیش آیا۔ پولیس اہلکار نے سات ساتھیوں کو فائرنگ کر کے مار ڈالا۔ حملے کو خود ساختہ قرار دیئے جانے کے بعد افغانستان میں سوالات اٹھنے شروع ہو گئے ہیں کہ آیا پولیس اہلکار دوسروں کو کیوں مار رہے ہیں، پہلے بھی کئی بار ایسا ہو چکا ہے کہ افغانستان میں موجود پولیس اہلکار یا فورسز کے اہلکار نے ساتھیوں کو ہلاک کیا۔ اسی دوران غیر ملکی فورسز کے اہلکاروں کو بھی مارے جانے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے اسی علاقے میں دو امریکی فوجیوں کو بھی افغان سکیورٹی اہلکار نے قتل کر ڈالا تھا۔

قندھار کے ضلع شاہ ولی کوٹ کے انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مشتبہ ملزم ساتھی پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد فرار ہو گیا ہے۔ اس داخلی حملے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔

طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے داخلی حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث اہلکار نے طالبان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

یاد رہے کہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
 

Advertisement