حکمرانوں نے کشمیریوں کی حوصلہ شکنی کی، مولانا فضل الرحمان

Last Updated On 19 September,2019 11:09 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کشمیریوں کی حوصلہ شکنی کی۔ مودی کی انتخابی مہم میں ساتھ دینے والے ہمارا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں 370 ختم کرنے کے خلاف قرارداد شامل نہیں کی گئی۔ عوام اور ان کے نمائندوں کو لاعلم رکھا گیا۔

وہ مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کچھ قوتیں انگریز آقا کے وارث کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے سامنے کہا پاکستانی سرزمین سے ایران کیخلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قوم کو وعدہ معاف گواہ چاہیے تو ہم اپنا جعلی وزیراعظم پیش کر سکتے ہیں۔ چند روز پہلے وزیراعظم نے ایل او سی جانے پر کہا تھا کہ حکم کا انتظار کرو لیکن گزشتہ روز کہا کشمیر کے اندر جانا کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ ظلم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی بات پرکھڑے رہنے میں کتنے مستقل مزاج ثابت ہوئے، ہمارا واسطہ ایسے حکمرانوں سے ہے، یہ ہمارا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔