اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جہاز کو ملکی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
فیس بک پر ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 20 ستمبرکو جرمنی جانے اور 28 تاریخ کو واپس آنے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی، پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور ہندوستانی روئیے کو سامنے رکھتے ہوئےاجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے جہاز کو ملکی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کے بارے میں بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے مودی کے جہاز کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی۔ بھارتی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مودی کا جہاز پاکستانی فضائی حدود استعمال کر کے امریکا کیلئے اڑان بھرے گا۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان 20 ستمبر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے، بھارتی وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، بھارت کی جانب سے درخواست باضابطہ طور پر گزشتہ ہفتے دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے متعلق اجازت نہیں دی تھی۔