لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی کے لیے بر وقت اقدامات نہ کرنےاور فرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو تبدیل کر دیا ہے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیزی سے ڈینگی کی بیماری پھیل رہی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد ہسپتال داخل ہو رہی ہے، لاہور میں ڈینگی کی بیماری پھیلنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سخت ایکشن لیا ہے اور انسداد ڈینگی کے لیے بر وقت اقدامات نہ اُٹھانے اور فرائض سے غفلت برتنے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کو تبدیل کر دیا ہے، ان کی جگہ محمد اصغر کو ڈپٹی کمشنر لاہور کی ذمہ داریاں مل گئی ہیں۔
ذرائع کے وزیراعلیٰ نے لاہور میں انسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات نہ کرنے، تجاوزات کی بھرمار، سڑکوں کی خراب حالت اور صفائی و سینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا تھا-
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی انسداد ڈینگی کے لئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے-
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت ہر گز برداشت نہیں کروں گا- صوبے کے عوام ڈینگی کا شکار ہوں اور افسر دفاتر میں بیٹھے رہیں یہ روش نہیں چلے گی-
ان کا کہنا تھا کہ افسروں کو فیلڈ میں نکل کر ڈلیور کرنا ہو گا- عوام کی خدمت نہ کرنے والا افسر عہدے پر نہیں رہے گا- میں اللہ تعالیٰ اور صوبے کے عوام کو جوابدہ ہوں - عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف اب ایکشن ہو گا- کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔